گیس پائپ لائن

پشاور:گلبہار میں زیر زمین گیس پائپ لائن کے دھماکوں سے علاقہ لرز اٹھا

ویب ڈیسک: پشاور کے علاقے گلبہار نمبر 4میں زیرزمین گیس پائپ لائن کے خوفناک دھماکوں سے پورا علاقہ لرز اٹھا ،لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
دھماکوں سے آگ بھی بھڑک اٹھی تھی جس سے مین سڑک اورٹرانسفارمر کوبھی نقصان پہنچا جس کے باعث علاقہ کئی گھنٹوں تک تاریکی میں ڈوبارہا۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ روز دوپہر کے وقت صفدرٹان ذیشان سٹریٹ گلبہار نمبر4میں گیس لیکیج کے باعث زیرزمین یکے بعد دیگرے 3زور دار دھماکے ہوئے جس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
دھماکوں کے بعد آگ بھی بھڑک اٹھی تھی اور وہاں لگے ٹرانسفارمر کو نقصان پہنچا،اس دوران مین روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا تھا اورمحکمہ سوئی گیس اہلکاروں نے کھدائی کا کام شروع کیا ۔
گیس لیکج معلوم کرنے کیلئے بجلی بھی بند رکھی گئی اوراہلکار رات گئے تک کام کرتے رہے جس کے باعث 9گھنٹوں سے بھی زیادہ دیر تک بجلی بند رہی اور پورا علاقہ تاریکی میں ڈوب گیا تھا۔
جس جگہ دھماکے ہوئے وہاں پر قریب دکانیں بھی واقع ہیں تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ اسی مقام اور مکی مسجد کے قریب پہلے بھی زیرزمین دھماکے ہوتے رہے ہیں جس سے سڑک کو نقصان پہنچا ۔

مزید پڑھیں:  ڈالر مزیدسستا ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی