سپر اسٹار ول اسمتھ کا ماہِ رمضان میں حرف بہ حرف قرآن پاک پڑھنے کا انکشاف

ہالی ووڈ سُپر اسٹار ول اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ماہِ رمضان میں پورا قرآن پاک پڑھا اور مقدس کتاب کی تعلیمات سے بےحد متاثر ہوئے۔
ہالی وڈ اداکار ول سمتھ نے حال ہی میں ‘بگ ٹائم پوڈ کاسٹ’ میں شرکت کی، اُنہوں نے کہا کہ میں گزشتہ دو سال سے ایک مشکل وقت گزار رہا تھا، میں بہت پریشان تھا، اسی دوران میں نے قرآن پاک سمیت تمام مقدس کتابیں پڑھنے کا فیصلہ کیا۔
ول اسمتھ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر میں نے ماہِ رمضان میں حرف بہ حرف قرآن پاک پڑھا اور قرآن پاک میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعات دیکھ کر حیران رہ گیا۔
اداکار نے کہا کہ قرآن پاک کی سادگی نے مجھے بہت متاثر کیا، یہ مقدس کتاب بہت آسان ہے اور قرآن پاک میں زندگی کا ہر پہلو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے، ہم قرآن پاک پڑھتے ہوئے کسی بھی غلط فہمی کا شکار نہیں ہوسکتے۔
اُنہوں نے کہا کہ تورات سے لیکر بائبل اور پھر قرآن پاک تک سب کچھ مجھے ایک ہی کہانی کی طرح لگ رہا تھا، مجھے قرآن پاک پڑھ کر دلی سکون ملا۔
ول اسمتھ نے مزید کہا کہ قرآن پاک میں بہت سارے واقعات تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں تو میں یہ مقدس کتاب پڑھتے ہوئے تمام واقعات کو ذہن میں تصور کرتا تھا۔

مزید پڑھیں:  پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی بھارتی گلوکار بادشاہ کیساتھ نئی ویڈیو وائرل