سمندر پار پاکستانیوں کیلئے سہولت

خیبر پختونخوا حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ایک اہم اقدام کے طور پر ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت فراہم کرتے ہوئے ملک کے دوسرے صوبوں پر فوقیت حاصل کر لی ہے، یہ سہولت بیرون ملک مقیم ان پاکستانیوں کیلئے دستیاب ہوگی جن کو خیبرپختونخواٹریفک پولیس کی طرف سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں،متعلقہ افراداپنے لائسنس کی تجدید کیلئے اپنے متعلقہ سفارتخانے کے توسط سے بذریعہ ای میل درخواستیں دے سکتے ہیں جبکہ درخواست گزاروں کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد تحریری لائسنس کا اجراء کر دیا جائے گا، اس ضمن میں ٹریفک حکام کی جانب سے وزارت خارجہ کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے جس میں بیرون ملک پاکستانی سفارتی مشنز کو آگاہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے، صوبے کے پولیس حکام کے اس اقدام کی جس قدر توصیف کی جائے کم ہے ،کیونکہ اس وقت خیبرپختونخوا کے لاکھوں افراد بیرون ملک خصوصا ًخلیجی ممالک میں محنت مزدوری کیلئے موجود ہیں جن میں سے اکثر ان ممالک میں مختلف اداروں میں بطور ڈرائیور خدمات انجام دے رہے ہیں، اور دوران ملازمت ان کے ڈرائیونگ لائسنس کی مدت ختم ہونے کی وجہ سے انہیں ان کی تجدید کیلئے وطن واپس آنا پڑتا ہے جس پر بے پناہ اخراجات کے اٹھنے کے علاوہ ان کی ملازمتیں ختم ہونے کا خطرہ ہوتا ہے، آن لائن ڈ رائیونگ لائسنس کی تجدید کی اس سہولت سے متعلق افراد کو سہولت ملے گی۔

مزید پڑھیں:  خلاف روایت عمل