کمشنر پشاور ریاض خان محسود

کمشنر پشاور ریاض خان محسود نے چارج سنبھال لیا ،نشے سے پاک پشاور مہم کیلئے اجلاس طلب

ویب ڈیسک: وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے چارج سنبھالتے ہی نشے سے پاک پشاور مہم کے دوبارہ آغاز کے لئے اجلاس طلب کر لیا۔
نشے سے پاک پشاور مہم کے دوبارہ آغاز کے لئے کمشنرپشاور کی زیر صدارت اجلاس کل4اپریل بروز جمعرات دوپہر 12 بجے طلب منعقد ہوگا ۔
اجلاس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر،سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکنیشن، ایس ایس پی آپریشنز پشاور، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈٹیکنیشن، پشاور ڈویژن کے تمام پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ، ڈائریکٹر انفارمیشن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور سرکاری اور نجی بحالی مراکز کے منتظمین کو طلب کیا گیا ہے۔
اجلاس میں نشے سے پاک پشاور مہم کے دوبارہ آغاز کے لئے پشاور کی سڑکوں پر موجود نشے کے عادی افراد کی تعداد اور ان کو بحالی مراکز میں منتقلی بارے حکمت عملی وضع کرنے کے علاوہ تجاویز بھی طلب کی جائیں گی ۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ دور حکومت میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر نگرانی اپنی نوعیت کے پہلے نشے سے پاک پشاور مہم کے دوران تقریبا ً5ہزار نشے کے عادی افراد کو تحویل میں لیکر علاج کے لیے بحالی مراکز منتقل کیا گیا تھا ۔
کامیاب مہم کو پاکستان اور عالمی سطح پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی تھی عوام کی جانب سے مہم دوبارہ شروع کرنے کے پرزور مطالبے اور نشے کے عادی افراد میں بے تحاشا اضافے کے پیش نظر مہم کے دوبارہ آغاز کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان کے مارچ سے سختی نہیں کریں گے: رانا ثنا اللہ