چین کے 20 ہزار سینیما گھروں میں 12ویں فیل ریلیز کرنے کا فیصلہ

بالی ووڈ کی سپرہٹ نئی فلم ‘بارہویں فیل’ کو بہت جلد چین کے 20 ہزار سے زائد سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔
ویب ڈیسک: سال 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بارہویں فیل’ کے ہیرو وکرانت میسی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ بہت جلد اپنی ساتھی اداکارہ میدھا شنکر کے ہمراہ ‘بارہویں فیل’ کی پروموشن کے لیے چین کا سفر کریں گے۔
وکرانت میسی نے کہا کہ میں نے بہت جلدی اس خبر کا اعلان کردیا ہے کیونکہ میں بہت پُرجوش ہوں کہ میری فلم اب چین میں بھی بڑے پیمانے پر ریلیز کی جائے گی۔
اُنہوں نے کہا کہ ‘بارہویں فیل’ کے فلمساز گزشتہ کچھ عرصے سے اس کی چین میں ریلیز کے لیے کام کر رہے تھے اور بالآخر اب بہت جلد وہ دن آنے والے ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ فلم ‘بارہویں فیل’ کو چین میں 20 ہزار سے زائد سینما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا کیونکہ چین میں ہندی سینما کی مانگ بہت زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ فلم ‘بارہویں فیل’ میں وکرانت میسی نے ایک طالبعلم منوج کمار شرما کا کردار نبھایا تھا جو سخت محنت کے بعد آئی پی ایس آفیسر بنتا ہے۔
وکرانت میسی کی یہ فلم سُپر ہٹ ثابت ہوئی اور انہیں فلم میں بہترین اداکاری پر بے حد سراہا بھی گیا تھا، بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون، عالیہ بھٹ، کترینہ کیف اور کنگنا رناوت سمیت دیگر بھارتی شخصیات نے بھی وکرانت کی اداکاری کی خوب تعریف کی تھی۔

مزید پڑھیں:  ارجنٹینا کی 60 سالہ حسینہ مس یونیورس بیونس آئرس کا اعزاز لے اڑیں