ایرانی قوم کے ساتھ اظہار یکجہتی

یہ خبر عالمی سطح پر بڑے دکھ کے ساتھ سنی گئی کہ بالآخر گزشتہ روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر اہم رہنمائوں کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جان بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے ، ا گرچہ اس حوالے سے تقریباً سارا دن عالمی میڈیا پر بھی متضاد خبریں سامنے آرہی تھیں اور حادثے کے بعد ایک موقع پر ایرانی صدر کی بہ حفاظت لینڈنگ کے بعد بذریعہ روڈ تہران کی جانب خبریں سامنے آنے سے اطمینان کا اظہار کیا جارہا تھا ، پاکستان کے اندر بھی ان اطلاعات پر عوام کے اندر دکھ کا اظہار کیا جارہا تھا جبکہ ایرانی قوم کے ساتھ پاکستانی بھی برادر ملک کی اہم قیادت کی سلامتی کی دعائیں مانگ رہے تھے ، تاہم ہونی کو کون روک سکتا ہے اور بالآخر نہ صرف ا لجزیرہ ٹی وی نے ایرانی قیادت کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی بلکہ ایرانی میڈیا اور تہران ٹائمز جیسے موقر جریدے نے بھی ان اطلاعات کو درست قرار دے کر قیاس آرائیوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے عوام سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ (ایرانی) عوام ہمت کے ساتھ اس سانحے سے نکل آئیں گے ۔ وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں یوم سوگ منایا جائے گا اور صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور برادرایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر پرچم سرنگوں رہے گا۔صدر آصف علی زرداری نے بھی ایرانی صدرکی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ایوان صدر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق صدر مملکت نے ایرانی صدر، وزیر خارجہ اور حادثے میںجاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے سوگواران سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اس ناگہانی حادثے پر پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور دعا گو ہے کہ ایرانی قوم اس جانکاہ حادثے کے اثرات سے جلد باہر نکل آئے اور اس دکھ کو برداشت کرنے اور حوصلہ مندی کے ساتھ آگے بڑھنے میں آسانیاں محسوس کرے۔

مزید پڑھیں:  اب یا کبھی نہیں