جویریہ سعود کے بچوں نے اسرائیل کی حامی کمپنی کی آفر ٹھکرا دی

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی جویریہ اور سعود کے دونوں بچوں نے اسرائیل کی حامی کمپنی کی طرف سے ملنے والی بڑی پیشکش ٹھکرا دی۔
جویریہ سعود نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی بیٹی جنت اور بیٹے ابراہیم کی تصویر پوسٹ کی جس کے ساتھ اداکارہ کے ایک اہم نوٹ بھی جاری کیا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میرے دونوں بچوں کو اسرائیل کی حامی کمپنی ‘کوک’ کے اشتہار میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی لیکن میرے بچوں نے اس کمپنی کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔
اُنہوں نے کہا کہ اس اشتہار کے شوٹ کی منصوبہ بندی ترکیہ میں ہونے والی ہے اور میرے بچوں نے ہمیں بھی اس شوٹ کی منصوبہ بندی میں شرکت کرنے اور اس کا حصہ نہ بننے پر قائل کیا۔
جویریہ نے کہا کہ میرے بچے اسرائیل کی حمایت کرنے والی کمپنی کے ساتھ کام کرکے اپنے اخلاق سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے اُنہوں نے یہ پیشکش قبول نہیں کی۔
اداکارہ نے کہا کہ جنت اور ابراہیم نے ہمیں بتایا کہ اگر ہم فلسطین کے لیے کچھ اور نہیں کر سکتے تو کم از کم اسرائیل کے حامیوں کا بائیکاٹ کرکے اپنا چھوٹا سا کردار تو ادا کر ہی سکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ مجھے اپنے بچوں کی بات سُن کر قرآن پاک کی سورۃ الفیل کا ترجمہ یاد آگیا، اللہ سب کو ایسی ایماندار اور اصول پسند اولاد سے نوازے، آمین۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے جویریہ اور سعود کے بچوں کے اس اقدام کو خوب سراہا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں اور بربریت میں اب تک 35 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہید اور 79 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔