صوبے کی جامعات کو بندش سے بچائیں

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو پہلا خط لکھتے ہوئے صوبے کی 25جامعات میں مستقل وائس چانسلر کی عدم تقرری پر بات کی گئی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ عرصہ دراز سے وائس چانسلرز کی تقرریوں میں تاخیر نے پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو مالی و انتظامی اور اکیڈیمک چیلنجز سے دوچار کردیا ہے جس سے زیر تعلیم طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے ،خیبرپختونخوا پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ایکٹ 2012 کے سیکشن 12 تین کے تحت وائس چانسلرز کی تقرریوں کا عمل حاضر سروس وائس چانسلرز کی مدت مکمل ہونے سے چھ ماہ قبل شروع کرنے کا کہتا ہے، اکیڈیمک سرچ کمیٹی نے وائس چانسلرز کی تقرریوں کی سفارشات صوبائی حکومت کو ارسال کی ہیں جسکی منظوری کا عمل ابھی تک نہیں ہو سکا۔امر واقع یہ ہے کہ صوبہ میں ضرورت سے زیادہ یونیورسٹیوں کے قیام نے اعلیٰ تعلیمی جامعات کی اہمیت کو ختم کر دیاہے اورحد سے زیادہ سیاسی بنیادوں پر بھرتیوں نے یونیورسٹیوں کو مالی خسارے سے دوچار کردیا۔یونیورسٹیوں کا کام بہترین ریسرچ کر کے اس کوکمرشلائزڈ کر کے ریوینیو پیدا کرنا ہے جس پر بدقسمتی سے توجہ ہی نہیں دی گئی ،امر واقع یہ ہے کہ خیبر پختونخوا کی جامعات میں تحقیق اور اس کو جامعہ کی معاشی مدد کا عمل بنانے کا تو رواج ہی نہیں اور نہ ہی بدقسمتی سے جامعات میں ایسے اساتذہ اور طالب علم موجود ہیں جو اس پر کام کر سکیں، سرکاری جامعات حکومت سے گرانٹ اور طلبہ کی فیسیں بڑھانے کے عمل تک محدود رہ گئی ہیں، خیبر پختونخوا میں صرف ایک ادارہ پاک آسٹریا فخوشولے انسٹی ٹیوٹ ہی وہ واحد نو تشکیل ادارہ ہے جہاں تحقیق او ر مہارت کے ذریعے اشیاء کی تیاری کے عمل کی سعی ہو رہی ہے اور اس پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے کہ ادارہ جلد سے جلد اپنے پائوں پرکھڑا ہوسکے اور حکومت کی محتاجی سے نکل آئے ،وہاں کے حوالے سے بھی مختلف نقائص اور بدانتظامی ومن مانی کی شکایات عام ہیں اس کے باوجود اسے صوبے کی جامعات کیلئے اسے ایک نمونہ قرار دیا جا سکتا ہے جہاں اساتذہ سے انٹرویو کے وقت ہی پوچھا جاتا ہے کہ ان کے پاس جامعہ کو مالی طور پر مدد گاربنانے کا کیا منصوبہ ہے، رئیس الجامعات کی تقرری کیساتھ ساتھ مستقل فیکلٹی کی کمی دور کرنے اور محولہ خطوط پر جامعات کو استوار کرنے کا عمل بلاتاخیر نہ کیا گیا تو صوبے کی جامعات کی بندش کی نوبت آنے کا خدشہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  بجٹ اور معاشی حقائق