پشاور، الیکشن کمیشن کا ریٹرننگ افسران کے کیسز نہ لڑنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے پشاور ہائیکورٹ میں ضلع کرم میں انتخابی نتائج کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
اس دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کے کیسز نہ لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے عدالت کو آگاہ کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن ٹریبونل پشاور ہائیکورٹ نے ضلع کرم میں 8 فروری کے عام انتخابات کے نتائج کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
اس دوران ریٹرننگ افسران کے کیسز نہ لڑنے سے متعلق اپنے فیصلے سے الیکشن کمیشن نے عدالت کو مطلع کیا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی تنازع کا حصہ نہ بنا جائے، ہم عدالت کو صرف معاونت فراہم کرسکتے ہیں، آراوز اپنا کیس خود لڑیں گے۔
دوران سماعت جسٹس وقار احمد نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آر او الیکشن کمیشن کا افسر نہیں تھا۔ اس حوالے سے آپ تحریری طور پر عدالت کو دیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف نہیں صرف ریٹرننگ افسران اور ڈی آر اوز کے خلاف شکایات ہیں، عدالت نے 7 روز میں جواب طلب کر کے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ملک لیاقت علی لاپتہ، گرفتاری کا خدشہ