خراب ٹرانسفامرز کی فوری مرمت کیلئے صوبائی حکومت فنڈز فراہم کرے گی

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈی سیز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری نے شرکت کی۔
وزیراعلی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس شدید گرمی کے موسم میں خراب ٹرانسفامرز کی فوری مرمت کا بندوبست کیا جائے۔ اس مقصد کیلئے صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ کو درکار فنڈز فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ک ےزیر صدارت اجلاس میں تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ نے گڈ گورننس اور عوامی ریلیف کے لیے ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ٹاسک سونپ دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں خراب ٹرانسفامرز کی فوری مرمت کا بندوبست کیا جائَے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کے لیے متعلقہ واپڈا اہلکاروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے تاہم لوڈ شیڈنگ بارے جو شیڈول جاری ہوا ہے اس سے ہٹ کر ایک منٹ کی بھی لوڈ شیڈنگ برداشت نہیں کی جائیگی۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے اور حکومت کی گڈ گورننس حکمت عملی پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو روایتی طریقے سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی سے کوئی انتقام نہیں لیا جائیگا، ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ سرکاری اہلکاروں کی ٹرانسفر/ پوسٹنگ صرف و صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی، اگر کسی سرکاری اہلکار کی کارکردگی اچھی نہیں ہوگی تو تبادلہ ضرور ہوگا۔
انہوں ںے کہا کہ سیاحتی مقامات تک جانے والی خراب سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
سردار علی امین گنڈاپور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والے شندور پولو فیسٹیول کے لیے تمام انتظامات بر وقت مکمل کیے جائیں، سیاحوں کے لیے تمام سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
عید الاضحٰی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کے لیے ڈمپنگ کا بندوست پہلے سے کیا جائے۔
اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے مون سون سیزن میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیاریاں کی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ محرم کے دوران حساس اضلاع میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

مزید پڑھیں:  پاک فوج کے شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد علی سمیت دیگر شہداء کی نماز جنازہ ادا