تعلیمی اداروں سمیت بجلی فیڈرز کو بھی سولر سسٹم پر لائیں گے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ میں اگر ہمیں لگا کہ ہمارے حق پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے تو ہم اسلام اباد کی طرف مارچ کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان بننے سے لے کر اب تک فاٹا کے عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فاٹا کے لوگ ہم سے وعدوں کی تکمیل کے حوالے سے سوال کرتے ہیں اس پر ہم ان کو کیا جواب دیں گے۔ وفاق کی جانب سے کیوں ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر ہمیں فاٹا کے لئے پیسے نہ ملے تو پھر ردعمل کے لئے تیار رہیں۔ اس سلسلے میں کئے جانے والے احتجاج میں ہمارے ساتھ فاٹا کے عوام بھی ہوں گے۔
اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم ہیلتھ کارڈ کو 20 لاکھ روپے تک لے کر جائیں گے، اس سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ پولیس کو 7 ارب روپے دیئے ہیں اور مزید بھی دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے صوبے کے لوگوں کو منشیات کے ذریعے مارنے والوں کے خلاف سزائے موت کا قانون پاس کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سولرائزیشن کی طرف جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو سولر سسٹم پر ڈالا جائے گا۔ بجلی فیڈرز کو بھی سولر سسٹم پر لائیں گے تاکہ بجلی لوڈشیڈنگ کے اس عذاب سے بچا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ 156 سے 162 ایسے فیڈرز ہیں جہاں 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  پی تی آئی احتجاج، جڑواں شہروں کو ملانے والے راستے تیسرے روز بھِی بند