ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری

فیصل واوڈا ،مصطفی کمال کی پریس کانفرنس چلانےوالےٹی وی چینلزکونوٹس جاری

ویب ڈیسک: سپریم کورٹ آف پاکستان نے فیصل واوڈا اور مصطفی کمال توہین عدالت کیس میں پریس کانفرنس چلانے والے تمام 28ٹی وی چینلز کو نوٹس جاری کر دیئے
حکم نامے کے مطابق فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنس نشر کرنے والے تمام 28ٹی وی چینلز کو کہا گیا ہے کہ ٹی وی چینلز بتائیں کیوں نہ ان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
حکم نامے میں آئندہ سماعت پر ٹی وی چینلز، فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، حکم نامے کے مطابق مصطفی کمال نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ وکیل کے مطابق فیصل واوڈا نے اپنے جواب میں کچھ حقائق پیش کیے، وکیل کے مطابق وقت دیا جائے تو فیصل واوڈا اضافی جواب جمع کرائیں گے۔
حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل کو پریس کانفرنس کے متن سے توہین آمیز مواد کی نشاندہی کی ہدایت کی گئی ہے، وکیل حافظ عرفات کو پیٹھ پیچھے گفتگو اور توہین آمیز گفتگو پر شرعی احکامات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے بعد عدالت نے مزید سماعت 28 جون تک ملتوی کر دی۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا کہ پیمرا نے فیصل واوڈا اور مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کی ٹرانسکرپٹ عدالت میں جمع کروائی، پیمرا رپورٹ کے مطابق فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو 34 جبکہ مصطفی کمال کی پریس کانفرنس کو 28 نیوز چینلز نے نشر کیا۔
عدالت نے 17 مئی کے حکم نامے میں کہا تھا کہ وہ نیوز چینلز جنہوں نے پریس کانفرنس براہ راست نشر کی یا ان کو بعد میں چلایا وہ بھی توہین عدالت کے مرتکب ہوئے، بادی النظر میں ٹی وی چینلز پر چلائی گئی پریس کانفرنس بھی توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا ہاؤس سے میں نکل رہاتھا، یہ تصویر میری ہے،پختون یار خان کا پیغام