سینئر قانون دان علی زمان ایڈووکیٹ قاتلانہ حملہ میں‌شدید زخمی ، ہسپتال منتقل

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ بار کے سینئر رکن، سابق صدر پشاور بار اور حالیہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی امیدوار علی زمان ایڈووکیٹ پر قاتلانہ حملہ ہوا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق علی زمان ایڈووکیٹ پر قاتلانہ حملہ پشاور کے گورنمنٹ کالج چوک کے قریب گھر جاتے ہوئے ہوا۔
اس موقع پر دو گاڑیوں سے چار افراد اترے اور انہوں نے چاقوؤں اور ڈنڈوں سے پشاور ہائیکورٹ کے سینئر رکن کو شدید زخمی کر دیا۔
انہیں مقامی لوگوں نے فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی۔
واقعے کے بعد خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور، صوبائی وزیر مینا خان افریدی، وکلا اور پولیس کے علاوہ تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان بھی ہسپتال پہنچ گئے۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کو ہسپتال میں موجود پولیس اہلکار نے بتایا کہ علی زمان ایڈووکیٹ اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ ایک سلور کلر گاڑی اور دوسری ویگنار گاڑی سے چار افراد اترے اور انہوں نے اچانک سینئر قانون دان پر حملہ کر دیا۔
اس اچانک اور شدید حملہ میں وہ موقع پر بے ہوش ہوگئے اور ان کا کافی خون ضائع ہو گیا۔

مزید پڑھیں:  عمران خان پر احتجاج کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج