5 روزہ مناسک حج کا آغاز بروز جمعہ 14 جون سے ہوگا

ویب ڈیسک: حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے دنیا بھر سے مسلمان سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق 5 روزہ مناسک حج جمعہ 14 جون سے شروع ہونگی جبکہ رکن اعظم وقوف عرفہ 15 جون بروز ہفتہ کو ہوگا۔
سعودی حکام کی جانب سے عازمین حج کی سکیورٹی یقینی بنانے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بھی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔
اب تک 12 لاکھ سے زائد مسلمان حج کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
عازمین حج 5 روزہ مناسک حج کی ادائیگی کا آغاز 14 جون 2024 جمعہ کو منیٰ میں کریں گے۔
15 جون کو عازمین حج میدان عرفات کیلئے روانہ ہوں گے جو حج کا رکن اعظم ہے، میدان عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد عصرین ادا کی جائیگی۔
مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ مغربین ادا کرینگے اور مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکھٹی کریں گے۔
16 جون کی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہونگے جہاں وہ رمی جمرات کریں گے۔
16 جون کو حجاج کرام بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے، 17 جون کو حجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے۔
18 جون کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  وسطی کرم میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے 7 ایف سی اہلکار شہید، 2 زخمی