پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کا ہتک عزت بل کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی نے ہتک عزت بل کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی 100دن کی کارکردگی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے کہا کہ ٹک ٹاکر پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی کیا ہے؟ ہتک عزت بل ان کی 100 دن کی کارکردگی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہتک عزت بل پر بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے، پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہونے کا دعوی کرتی ہے لیکن ہتک عزت قانون پر ان کا کیا کردار ہے؟ ۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پہلے ہی کہتے تھے ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، تحریک انصاف صحافیوں کے ساتھ ہے، ہتک عزت بل کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔
احمد خان بھچر کا کہنا تھا کہ گندم نہ خریدنا، کسانوں کو معاشی طور پر نقصان پہنچانا پنجاب حکومت کی 100 دن کی کارکردگی ہے، سو دن میں انہوں نے کینسر ہسپتال کیلئے 30 ارب روپے کا اعلان کیا مگر 30 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے، 30 کروڑ کے فنڈز میں 5 کلومیٹر سڑک نہیں بنتی۔
رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ صحت کارڈ اور کسان کارڈ ہمارے پراجیکٹس تھے، یہ ہمارے ہی منصوبے ہیں جن کو اپنے نام سے شو کر رہے ہیں، 100 دن میں انہوں نے مقدمات کے سوا کچھ نہیں کیا، ان کی 100 دن کی کارکردگی دیکھیں کیا ایک بھی اپنا منصوبہ شروع کیا؟ یہ ہسپتالوں میں ہمارے منصوبوں پر تختیاں لگا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بیروت پر اسرائیلی فضائی حملوں میں شدت، 25 افراد شہید