فورسز کی گاڑی پر دھماکہ

لکی مروت میں فورسز کی گاڑی پر دھماکہ ،کیپٹن سمیت 7جوان شہید

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی بم دھماکے میں پاک فوج کے کیپٹن سمیت 7جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکہ ہوا ۔
دھماکے میں کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، گھناؤے فعل کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے 2020 میں پاکستان آرمی کی ناردرن لائٹ انفنٹری میں کمیشن حاصل کیا۔
کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے19جون 2024 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا تھا، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
صوبیدار میجر محمد نذیر شہید کا تعلق ضلع اسکردو سے ہے، انہوں نے 31 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، سوگواران میں اہلیہ، 2بیٹے اور 5بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
لانس نائیک حسین علی خان شہید کا تعلق ضلع غذر سے ہے، انہوں نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک خدمات سرانجام دیں اور سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔
سپاہی منظور شہید کا تعلق ضلع گلگت سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 6 سال تک دفاع وطن کیلئے خدمات سرانجام دیں اور سوگواران میں اہلیہ اور3بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
لانس نائیک محمد انور شہید کا تعلق ضلع گانچھے سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 13سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں۔
سپاہی اسد اللہ شہید کا تعلق ملتان سے ہے، سپاہی اسد اللہ شہید نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک ملکی دفاع کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ اور ایک بیٹا چھوڑا ہے۔
سپاہی راشد محمود شہید کا تعلق راولپنڈی سے ہے، شہید نے پاکستان آرمی میں 13 سال تک دفاع وطن میں خدمات سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور کو پکڑنے کیلئے ناکہ بندی کی گئی ہے،محسن نقوی