پشاور، وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں ڈرگ کنٹرول روم قائم، اعلامیہ جاری

ویب ڈیسک: صوبے میں انسداد منشیات کے لئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈرگ کنٹرول روم قائم کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر عادل ایوب ڈرگ کنٹرول روم کے فوکل پرسن نامزد کر دیئے گئے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے اعلامیہ جاری کردیا۔
یہ کنٹرول روم انسداد منشیات کے حوالے سے انتظامیہ کے اقدامات، پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں سٹیک ہولڈرز سے قریبی رابطہ رکھے گا۔
دوسری جانب کنٹرول روم کے فوکل پرسن ڈرگ کنٹرول کے حوالے سے اہم پیشرفت سے متعلق ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ مرتب کر کے وزیر اعلیٰ کو پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ نے گذشتہ ہفتے انسداد منشیات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں دیگر اہم اقدامات کی منظوری کے علاوہ خصوصی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پارلیمنٹ سے منظور کرانے کی تیاریاں، اراکین طلب