پنجاب کا 5 ہزار 446 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش

ویب ڈیسک: 5 ہزار 446 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اسمبلی میں پیش کر دیا۔
سپیکر ملک احمد خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
صوبہ پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بجٹ تقریر میں دعویٰ کیا کہ یہ پہلا باضابطہ ٹیکس فری بجٹ ہے جبکہ حکومتی اخراجات میں خاطر خواہ کمی بھی لا رہے ہیں۔
اپنی بجٹ تقریر میں صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ گریڈ ایک سے 16 تک ملازمین کی تنخواہ میں 25 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
بجٹ مندرجات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کئی مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جرائم کی روک تھام کے لیے ایک قدم اٹَھاتے ہوئے سمارٹ سیف سٹی پروگرام کے لیے 3 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت سولر فراہم کریں گے۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ بجٹ میں زراعت کے لیے 64 ارب 60 کروڑ روپے جبکہ پنجاب کسان کارڈ کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ 2 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے انڈر گریجوویٹ پروگرام اور 3ارب کی لاگت سے صوبہ پنجاب کی پہلی گارمنٹس سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 30 ارب کی لاگت سے چیف منسٹر ٹریکٹر پروگرام کا آغاز کرنے کی تجویز ہے، 9 ارب 50 کروڑ کی لاگت سے وزیراعلیٰ روشن گھرانہ پروگرام کا اجرا بھی کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ یہ بجٹ خوشحالی اور ترقی کی منازل طے کرنے کی نوید ہے۔
پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سپیکر ڈائس کے سامنے بجٹ دستاویزات پھاڑ دیں۔
اس موقع پر صحافیوں نے بھی ہتک عزت قانون کے خلاف پریس گیلری سے احتجاجا واک آؤٹ کیا۔
کابینہ نے اگلے مالی سال 25-2024ء کے لیے 5446 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بجٹ دستاویز 25 -2024 پر دستخط کر دیئے۔
صوبائِ بجٹ میں پنجاب میں پہلی بار ترقیاتی بجٹ سے 530 ارب کی غیر فعال سکیمز کو بند کر کے نئی سکیمز کو شامل کیا گیا ہے، نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، نہ ہی موجودہ ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کیا گیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ کیلئے 35 ارب، مری کے لئے 5ارب، لائیو سٹاک کارڈ کیلئے 2 ارب، ہمت اور نگہبان کارڈ کیلئے 2ارب، ری سٹرکچرنگ ، ایجوکیشن کیلئے 26ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

مزید پڑھیں:  سوات میں پولیس مقابلہ:سفارتکاروں کےقافلے پرحملے میں ملوث دو دہشتگردہلاک