پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آتشزدگی

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آتشزدگی پر قابو پا لیا گیا

ویب ڈیسک: پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آتشزدگی کا واقعہ عمارت کی چوتھی منزل میں پیش آیا جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کا عمل بھی بحال کر دیا گیا ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع پاکستان سٹاک ایکسچینج کی چوتھی منزل پر آگ لگی جس کے بعد ٹریڈنگ روک دی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی آگ بجھانے کے لیے فائر ٹینڈرز روانہ کردیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں آتشزدگی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم معمولی مالی نقصان ضرور ہوا ہے۔
یاد رہے کہ کاروباری ہفتے کے پہلے دن سٹاک ایکسچینج میں چوتھی منزل کے ایک کمرے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ بجھانے کیلئے فائر فائیٹرز اور 6 گاڑیاں طلب کر لی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق عمارت میں موجود لوگوں کو نکال لیا گیا ہے تاہم آگ کس چیز سے لگی ، اس کی وجوہات کیا ہیں اس بارے میں فوری طور پر کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔
یاد رہے سٹاک ایکسچینج میں صبح ساڑھے نو بجے کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوتا ہے لیکن آج کاروباری ہفتے کے آغاز سے قبل ہی آتشزدگی کا واقعہ رونما ہو گیا جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر رہیں۔

مزید پڑھیں:  محسن نقوی کا رات گئے ڈی چوک کا دورہ، سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا