بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ

بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ ایم ڈی کیٹ میں فیل ہو گئے

ویب ڈیسک: بورڈز کے پوزیشن ہولڈر طلبہ ایم ڈی کیٹ میں فیل ہو گئے، فیل طلبہ عدالت پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں سکولوں اور تعلیمی بورڈز کے زیادہ تر ٹاپ پوزیشن ہولڈر طلبہ بھی فیل ہو گئے ہیں۔
اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ ایف ایس سی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ ایم ڈی کیٹ میں فیل ہو گئے ہیں۔
گزشتہ تعلیمی سال کے دوران صوبے کے آٹھ تعلیمی بورڈز میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے بیشتر طلبہ کا انٹری ٹیسٹ کے نتائج میں نام ہی نہیں، اور گزشتہ روز کے نتائج میں انہیں فیل ظاہر کیا گیا ہے۔
ٹیسٹ میں 41 ہزار سے زائد طلبہ نے حصہ لیا تھا جن میں سے سرکاری سکولوں کے 42فیصد طلبہ نمایاں پوزیشن میں کامیاب ہوئے ہیں، لیکن ان کامیاب امیدواروں میں سے ایک نے بھی ایف ایس سی میں ٹاپ نہیں کیا ہے بلکہ درمیانے اوسط نمبرز کے ساتھ پاس ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے ماہرین تعلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی بورڈز کے ذریعے اب بھی فرسودہ طریقہ سے امتحان لینے کا رواج ہے، جس سے اکثر اوقات عام بچے بھی زیادہ نمبرز لے جاتے ہیں، لیکن پیشہ وارانہ تعلیم کے میدان میں وہ ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوتے ہیں ۔
ماہرین تعلیم کے مطابق پیشہ وارانہ ٹیسٹ مختصر سوالات پر مشتمل ہوتا ہے جس کی وجہ سے بچوں کی صلاحیت سامنے آتی ہے۔
ادھر ایم ڈی کیٹ کے فیل ہونے والے طلبہ امتحان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئے۔ اس موقع پر طلبہ نے موقف اپنایا ہے کہ جب پیپر ان کے سامنے آیا تو وہ اسے دیکھ کر پریشان ہو گئے، پرچے میں20سے زائد سوالات ایسے تھے جو نصاب سے باہر کے تھے۔
ایم ڈی کیٹ میں فیل ہونے والے طلبہ نے بتایا کہ ان کے والدین جب یونیورسٹی گئے اور معاملہ اٹھایا تو وائس چانسلر پچھلے دروازے سے نکل گئے اور انہوں نے پولیس بھی بلوا لی۔
طلبہ کے مطابق پولیس نے ہمیں گھیرے میں لے لیا جبکہ ہم نے کچھ نہیں کیا تھا، طلبہ نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دوبارہ لینے کا مطالبہ کر دیا۔

مزید پڑھیں:  ضلع کرم میں شدید جھڑپیں، 30 افراد جاں بحق، 80سےزائد زخمی