اسرائیلی بمباری میں 81 لبنانی شہید

اسرائیلی بمباری میں 81 لبنانی شہید، نیتن یاہو کاجنگ بندی سےانکار

ویب ڈیسک: غزہ کے بعد صیہونیوں نے اپنی توپوں کا رخ لبنان کی طرف کر لیا، اسرائیلی بمباری میں 81 لبنانی شہید جبکہ 223 زخمی ہوگئے۔ اس کے ساتھ ہی اسرائیلی بمباری سے لبنان میں شہدا کی تعداد 700ہوگئی جبکہ اس کے علاوہ زخمیوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی حکومت کی جانب سے لبنان پر زمینی حملوں کی دھمکی بھی دیدی گئی ہے، اس کے بعد 5 لاکھ شہری جنوبی لبنان سے انخلا پر مجبور ہوگئے۔
مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر امریکا، یورپی یونین اور متعدد عرب ممالک نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فرانس کی جانب سے لبنان اسرائیل تنازع پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا ہے، امریکا اور فرانس کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی جس کی دیگر ممالک نے بھی حمایت کی۔
اسرائیلی بمباری میں 81 لبنانی شہری شہید ہونے کے بعد شہداء کی مجموعی تعداد 700 ہو گئی ہے جبکہ اگر یہ جنگ نہ روکی گئی تو یہ تعداد مزید بڑھنے کا احتمال ہے۔
امریکا اور فرانس کی جانب سے لبنان میں 21 روزہ عارضی جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے جنگ بندی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
عالمی قوتیں اسرائیل اور حزب اللہ میں سیز فائر کیلئے متحرک
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں کے بعد عالمی قوتیں جنگ بندی کےلئے متحرک ہوگئیں۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے لبنان میں حزب اللہ پر حملے جاری ہیں جس سے رہائشی علاقوں میں بھی خوفناک تباہی ہوئی۔
جواب میں حزب اللہ نے بھی فضائی حملے کئے ہیں جس سے اسرائیل میں بھی حالات بے قابو ہو گئے ہیں۔
مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی اور جنگ کے پھیلاﺅ پر عالمی قوتیں سر جوڑ کر بیٹھ گئیں، اور 21 روزہ جنگ بندی کی تجویز دے دی گئی ہے۔
اس تجویز کی حمایت سعودی عرب، یو اے ای اور قطر سمیت یورپی یونین، آسٹریلیا، کینڈا، اٹلی، جرمنی اور جاپان نے بھی کردی۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا امریکا، اتحادی اور عرب ممالک کا لبنان جنگ بندی مطالبہ ماننے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان پر حملے جاری رہیں گے، حزب اللہ کو پوری قوت سے نشانہ بناتے رہیں گے۔
ادھر لبنان پیجر دھماکوں کی تحقیقات میں ناروے پولیس نے بھارتی نژاد نارویجیئن شہری رنسن جوز کی بین الاقوامی تلاش کی درخواست کر دی ہے۔
امریکا اسرائیل کو 8 ارب 70 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد دے رہا ہے
اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ خطے میں فوجی برتری کیلئے امریکا اسرائیل کو 8 ارب 70 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد دے رہا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ کے بعد صیہونیوں نے اپنی توپوں کا رخ لبنان کی طرف کر لیا، اسرائیلی بمباری میں 81 لبنانی شہید جبکہ 223 زخمی ہوگئے۔ دوسری طرف اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے جنگ بندی کے کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے جنگ بندی سے انکار کر کے زمینی کارروائی کا عندیہ دیدیا.

مزید پڑھیں:  کاروبار سربمہر، پراپرٹی ضبط، ٹیکس نادہندگان کیخلاف شکنجہ کس لیا گیا