اسرائیل حزب اللہ جنگ فریقین

اسرائیل حزب اللہ جنگ فریقین کیلئے تباہ کن ہے، لائیڈ آسٹن

ویب ڈیسک: امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، جبکہ اسرائیل حزب اللہ جنگ فریقین کیلئے تباہ کن ہے، اسے روکنا لازمی ہوگا۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان بڑی اور تباہ کن جنگ کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے امریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کی جنگ اسرائیل اور لبنان دونوں کیلئے شدید نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
لندن میں برطانوی، آسٹریلین وزرائے دفاع کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں لائیڈ آسٹن نے کہا کہ اسرائیل اور لبنان کشیدگی بڑھانے کے بجائے مختلف راستے بھی منتخب کر سکتے ہیں، تنازعے کا سفارتی حل اب بھی قابل عمل ہے۔
انہوں نے خطے کی مزاحمتی فورسز کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی اس بحران سے فائدہ اٹھانے یا تنازعہ بڑھانے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں اپنے فوجیوں کی حفاظت جاری رکھے گا لیکن یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ کسی ایک فریق کیلئے کامیابی اور کسی دوسرے کیلئے ناکام ہوگی بلکہ یہ بات اظہر من الشمس ہے کہ اسرائیل حزب اللہ جنگ فریقین کیلئے تباہ کن ہے۔

مزید پڑھیں:  سرحد چیمبر آف کامرس میں الیاس بلور گروپ کا راج برقرار،سرحد بزنس الائنس کو شکست