اسلام آباد میں فوج کا گشت

جڑواں شہر دوسرے روز بھی سیل، اسلام آباد میں فوج کا گشت

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث جڑواں شہر آج بھی سیل ہیں ،عدالتیں، سکول، میٹرو بس سروس سمیت تمام ادارے بند جبکہ اسلام آباد میں فوج کا گشت جاری ہے ۔
دونوں شہروں کے تمام راستے، سڑکیں، چوراہے آج دوسرے دن بھی مکمل سیل ہیں جبکہ انتظامیہ کی جانب سے مری روڈ سے آنے والے لنک روڈز اور گلیوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ ہے اور فوج کے دستوں کے علاوہ پولیس، رینجرز اور ایف سی اہلکار بھی تعینات ہیں، دارالحکومت میں پاک فوج کے دستے گشت کر رہے ہیں۔
سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارے آج ہفتے کے روز بھی مکمل بند ہیں اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہونے کی وجہ سے سرکاری اداروں میں بھی حاضری کم ہے۔
اڈیالہ جیل سے ملزمان کو آج بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے کچہری کا علاقہ سنسان ہے، تمام عدالتوں نے مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے حاضری لگا کر ملتوی کردی۔
شہر کے چوراہوں سمیت دیگر اہم مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی شدید کمی کی وجہ سے آن لائن رائیڈ سروس فراہم کرنے والے من مانے کرائے وصول کر رہے ہیں، شہر میں میٹرو سروس آج بھی بند ہے۔

مزید پڑھیں:  ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو نشان پاکستان سے نواز دیا گیا