اسلام آباد پر حملہ کامیاب نہیں

اسلام آباد پر حملہ کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، وزیردفاع

ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ طالبان پی ٹی آئی کے سہولت کار ہیں ، اسلام آباد پر حملہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ دس سال کے بعد پی ٹی آئی نے وہی سازش اختیار کی ہے، 2014 میں بھی چینی صدر کی آمد پر دھرنا دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں سے کہا تھا کہ آپ کو جو بھی احتجاج یا جلسہ کرنا ہے وہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعد کرلیں لیکن وہ بضد رہے، ان کا مقصد اس کانفرنس کو اس عزت افزائی کو ناکام کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ہوگا بس ہنگامہ ہوگا، وہ چاہتے ہیں دو چار لاشیں گریں اور ہماری کوشش ہے کہ انہیں کوئی لاش نہ ملے اور کسی کی جان نہ جائے اس کا سب سے بڑا ثبوت پولیس کو اسلحہ نہ دینا ہے۔
خواجہ آصف نے مسلح جتھے ملکی وقار کو نشانہ بنانے کے درپے ہیں، افغان باشندے بھی اس جتھے کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کو احتجاج میں دعوت دی گئی ہے، پہلے کبھی کسی نے اپنی پاکستانیت کو مشکوک نہیں کیا، یہ واحد جماعت ہے جو اپنی پاکستانیت کو مشکوک کررہی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد پر پی ٹی آئی کا دھاوا دشمن قوتوں کا حملہ سمجھتے ہیں، طالبان کے مسلح جتھے پی ٹی آئی کے ساتھ آرہے ہیں ہم ان مسلح جتھوں کا ہر قیمت پر جواب دیں گے، انہیں الٹا کر ان سے حساب لیں گے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور سرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں، افغان باشندے بھی اس جتھے کا حصہ ہیں مسلح جتھے ملکی وقار کو نشانہ بنانے کے درپے ہیں طالبان پی ٹی آئی کے سہولت کار ہیں، عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے1 قومی اور دو صوبائی حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں مسترد