پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ کی گرفتاری:پی ٹی آئی وکلا کا پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی وکلا ونگ نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررہے ہیں کیونکہ وزیراعلیٰ کو پشاور ہائیکورٹ نے حفاظتی ضمانت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود وزیراعلیٰ علی امین کو گرفتار کرنے کی اطلاعات آرہی ہیں جو عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
عالم خان ادینزئی ایڈوکیٹ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور صوبے کے وزیراعلیٰ ہیں، صوبے کے چیف ایگزیکٹیو کی گرفتاری سے وفاق کیا پیغام دینا چاہتا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو پشاور ہائیکورٹ نے ایک ماہ کی حفاظتی ضمانت دی ہے اور تمام درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اس کے باوجود اسلام آباد پولیس علی امین کو گرفتار کرتی ہے تو یہ توہین عدالت ہوگی۔

مزید پڑھیں:  ملائیشیا کے وزیراعظم تین روز دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس روانہ