وزیراعلی کی جبری گمشدگی

وزیراعلی کی جبری گمشدگی کا براہ راست ذمہ دار وزیر داخلہ ہیں، بیرسٹر ڈاکٹر سیف

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ایک منتخب وزیراعلی کو لاپتہ کرنا دہشت گردی نہیں تو اور کیا ہے؟ وزیراعلی کی جبری گمشدگی کا براہ راست ذمہ دار وزیر داخلہ ہیں۔
وزیر داخلہ اور گورنر کے پی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ محسن نقوی اور فیصل کریم کنڈی نے میڈیا کے سامنے کمال اداکاری کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ گورنر تو بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانے بنے ہوئے ہیں، جبکہ ملک کے وزیر داخلہ ہونے کے ناطے محسن نقوی کی وزیر اعلی خیبر پختون خوا کی گمشدگی بارے لا علمی ڈرامہ بازی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی کی جبری گمشدگی کا براہ راست ذمہ دار وزیر داخلہ ہیں، کے پی ہاوس میں توڑ پھوڑ واضح ثبوت ہے کہ وزیراعلی کو زبردستی حراست میں لیا گیا ہے۔
مشیر اطلاعات کے مطابق بھاری اکثریت سے منتخب وزیراعلی پر کے پی ہاوس میں حملہ فیڈریشن پر حملہ ہے، اس توڑ پھوڑ کی مرمت نہیں کی جائیگی بلکہ تاریخ کے طالب علموں کے لئے اسے محفوظ رکھا جائَے گا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا ہاوس کی ٹوٹی پھوٹی کھڑکیاں اور دروازے جمہوریت اور فیڈریشن کے منہ پر طمانچہ ہے، جعلی حکومت کی یہ مذموم حرکت جمہوریت اور فیڈریشن پر سیاہ دھبے کے طور پر تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کی جبری گمشدگی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے غیر ملکی مہمانوں کو کیا پیغام ملے گا؟ غیر ملکی مہمان کیا سوچیں گے کہ پاکستان میں کیسی جمہوریت ہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے حکام سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو پی ٹی ائی احتجاج سے جوڑنے والے اپنے اوچھے ہتھکنڈوں پر غیر ملکی مہمانوں کو کیا جواب دیں گے۔
جعلی وفاقی حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں بارے نہ صرف آج خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے، بلکہ صوبائی حکومت ایڈوکیٹ جنرل کے توسط سے عدالتی کاروائی کے لئے بھی اقدامات کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ منتخب وزیراعلی کی جبری گمشدگی پختونخوا کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین ہے، اس کے ساتھ ساتھ اسمبلی اجلاس میں وزیراعلی کی جبری گمشدگی اور جعلی حکومت کے غیر جمہوری اور فسطائیت کے خلاف لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی واحد صلاحیت ان کا نواز شریف کی بیٹی ہونا ہے جو صرف بادشاہی نظام میں ہی کام آتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں، راستے نہ روکے جائیں، شوکت یوسفزئی