آئینی ترامیم پیکج پر مولانا

آئینی ترامیم پیکج پر مولانا کو منانے کی ایک اور کوشش

ویب ڈیسک: حکومت کی آئینی ترامیم پیکج پر مولانا کو منانے کی ایک اور کوشش، سربراہ جے یو آئی ف کے گھر وفد پہنچ گیا۔
حکومتی وفد نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈارکی سربراہی میں مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے والے حکومتی وفد میں خواجہ سعد رفیق، نیئر بخاری، نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے۔
جے یو آئی کے عبدالغفور حیدری، مولانا صلاح الدین ایوبی اور اسلم غوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی اور مولانا فضل الرحمان کو کل ہونے والی فلسطین کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے آئینی ترامیم پیکج پر مولانا فضل الرحمان کو قائل کرنے کی ایک بار پھر سے کوشش کی، اس موقع پر وفد نے پوری کوشش کی کہ کسی طرح ترامیم کیلئے مولانا فضل الرحمان کی حمایت حاصل کی جا سکے۔
یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے 26ویں مجوزہ آئینی ترامیم کا بل شنگھائی تعاون تنظیم کے پاکستان میں ہونے والے اجلاس تک مؤخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل بھی حکومتی وفود کی جانب سے مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترامیم کے حوالے سے ساتھ ملانے کی پوری کوشش کی گئی لیکن ہر بار انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا.

مزید پڑھیں:  ملکی صورتحال تشویشناک ،مارشل لا میں بھی ایسا نہیں ہوا : حافظ نعیم