وسطی غزہ میں مزید 13فلسطینی شہید

صیہونی جارحیت کے باعث وسطی غزہ میں مزید 13فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: غزہ میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، صیہونی جارحیت کے باعث وسطی غزہ میں مزید 13فلسطینی شہید ہو گئے، اس دوران متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ وسطی غزہ میں پناہ گزین کیمپ کے طور پر استعمال ہونے والے سکول پر اسرائیلی افواج نے ٹینکوں سے حملہ کر دیا، اس دوران خواتین اور بچوں سمیت 13 فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں نے مشرقی غزہ کےعلاقے نصیرات میں سکول کو نشانہ بنایا جہاں پناہ گزین قیام پذیر ہیں، اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے جبالیہ کیمپ میں کئی مکانات کو بم لگا کر اڑا دیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران صیہونیوں کے ہاتھوں 300 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ زمینی حملوں کے باعث ہزاروں فلسطینی پھنس کر رہ گئے ہیں، پانی اور غذاء کی قلت شدت اختیار کر گئی ہے اور اس میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں کے دوران 52 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ اس واقعات میں سینکڑوں افراد زِخمی بھی ہوئے ہیں، تاہم اب غذائی قلت کا مسئلہ گھمبیر ہوتا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے، صیہونی جارحیت کے باعث وسطی غزہ میں مزید 13فلسطینی شہید ہو گئے،اس کے ساتھ ہی غزہ اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری اسرائیلی بمباری اور زمینی کارروائیوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید جبکہ اس دوران زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
ان واقعات کے شروع ہوئے ایک سال سے زیادہ کا عرصہ بیت گیا لیکن آج تک کسی بھی طرح سے اسرائیل کو جارحیت سے روکا نہیں‌جا سکا، جس کی بدولت آج غزہ مکمل طور پر کھنڈرات میں تبدیل ہو چکا ہے.

مزید پڑھیں:  سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہیں، محمد اورنگزیب