تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس

شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس، مہمانوں کی آمد جاری

ویب ڈیسک: شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس میں مہمانوں کی آمد جاری ہے، کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک پاکستان پہنچ گئے، نور خان ائیربیس پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
شنگھائی تعاون تنظیم کا 23واں سربراہی اجلاس میں میزبان پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اجلس میں شریک دیگر غیر ملکی وزرائے اعظم کے ساتھ شرکت کرینگے۔ وزیراعظم شہبازشریف آج مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔
ان غیر ملکی مہمانوں میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ، بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو، قازق وزیراعظم اولڑاس بیکتینوف، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن شامل ہیں۔
ایس سی او سمٹ میں تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ، کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک اور ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف سمیت ایران کے اول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر شرکت کر رہے ہیں۔
ایس سی او سربراہی اجلاس میں منگولیا مبصرکے طور پر شرکت کررہا ہے جس کی نمائندگی منگولیا کے وزیراعظم کررہے ہیں، جبکہ ترکمانستان کی بطور مہمان خصوصی نمائندگی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد مریدوف کررہے ہیں۔
دیگر مہمانوں میں ایس سی او کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر رسلان مرزائیف، بورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹربینک یونین کے چیئرمین مارات ییلی بائیف شامل ہیں۔
سمٹ میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور اس موقع پر کئی اہم فیصلے بھِی متوقع ہیں۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکسچینج میں ملاجلا رجحان، ڈالر بھی مہنگا ہو گیا