بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر

ایس سی او اجلاس، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے

ویب ڈیسک: شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر پاکستان پہنچ گئے ۔
آج سے اسلام آباد میں شروع ہونے والے ایس سی او کے 23ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔
اس سلسلے میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے جہاں نور خان ائیر بیس پر 3بجکر 26 منٹ پر بھارتی ائیرفورس کے طیارے نے لینڈ کیا۔
نور خان ائیر بیس پر بھارتی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
اس سے قبل ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ راشد مریدوف اسلام آباد پہنچ گئے جن کا استقبال خالد مقبول صدیقی نے کیا جب کہ وزیر تجارت جام کمال نے تاجکستان کے وزیراعظم خیر رسول زادہ کا اسلام آباد پہنچنے پر استقبال کیا۔
اجلاس میں شرکت کے لیے کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک منگل کی دوپہر پاکستان پہنچے جہاں نور خان ائیربیس پر وفاقی وزیر مصدق ملک نے ان کا استقبال کیا اور اس موقع پر انہیں گلدستہ پیش کیا گیا۔
ایس سی او سربراہی اجلاس میں میزبان پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، چین کے وزیراعظم لی چیانگ، بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو، قازقستان کے وزیراعظم اولڑاس بیکتینوف، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن، تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ، کرغزستان کے وزیراعظم ژاپاروف اکیل بیک اور ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف شریک ہوں گے۔
ایران کے اول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیرخارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی شریک ہوں گے۔
سربراہی اجلاس میں منگولیا مبصرکے طور پر شرکت کررہا ہے جس کی نمائندگی منگولیا کے وزیراعظم کررہے ہیں جب کہ ترکمانستان کی بطور مہمان خصوصی نمائندگی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد مریدوف کررہے ہیں۔
دیگر مہمانوں میں ایس سی او کے سیکرٹری جنرل جانگ منگ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ اسٹرکچر رسلان مرزائیف، بورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹربینک یونین کے چیئرمین مارات ییلی بائیف شامل ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے آج مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا ۔

مزید پڑھیں:  100انڈیکس 85ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا،ڈالر بھی سستا