پاکستان کی سالمیت و خودمختاری

پاکستان کی سالمیت و خودمختاری کی حمایت جاری رکھیں گے، چینی وزیراعظم

ویب ڈیسک: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیراعظم نے کہا ہے کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔
تفصیلات کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لیے دورہ پاکستان پر آئے چینی وزیراعظم لی چیانگ کے اعزاز میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ظہرانہ دیا۔ ظہرانے کی دعوت میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔
ظہرانے کے موقع پر صدر مملکت اور چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی چیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور چین نے معیشت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط سمیت اہم شعبوں میں اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں ممالک نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے بھائی، پڑوسی، شراکت دار اور دوست ہیں، صدر شی جن پنگ کی قیادت میں پاک چین اسٹریٹجک تعاون مزید گہرا ہوتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کے فروغ میں صدر آصف علی زرداری کی خدمات کے معترف ہیں، دونوں ممالک نے عالمی چیلنجز سے قطع نظر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت کی۔
لی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اور چین اپنی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم لی چیانگ نے سی پیک کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ چین پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے چینی کمپنیوں کی مدد جاری رکھے گا، امید ہے کہ پاک چین تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
چینی وزیر اعظم نے ون چائنا پالیسی، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ، سنکیانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت پر پاکستان کو سراہا اور کہا کہ چین پاکستان کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور خوشحالی کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیلی افواج نے خیموں پر آتش گیر مواد برسادیا، 26فلسطینی شہید