پنجاب کالج میں کوئی واقعہ نہیں

پنجاب کالج میں کوئی واقعہ نہیں ہوا،پی ٹی آئی نے انتشارپھیلایا ،مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کالج میں کوئی واقعہ نہیں ہوا،پی ٹی آئی دہشت گرد جماعت ہے مبینہ واقعے پر انتشار پھیلانے کی کوشش کی ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 10 اکتوبر بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا لیکن اس روز بچی کالج میں تھی ہی نہیں، کہا گیا کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج مٹا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے جھوٹی کہانی گھڑی گئی پھر متاثرہ بچی کی تلاش شروع کی گئی، کوئی عینی شاہد تھا ہی نہیں کیونکہ واقعہ سرے سے ہوا ہی نہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج تک متاثرہ بچی کی تلاش میں ہیں، جس بچی کا نام لیا جا رہا ہے وہ 2 اکتوبر سے اسپتال میں زیر علاج ہے اور جس گارڈ پر الزام لگایا وہ چھٹیوں پر تھا، پولیس اسے سرگودھا سے گرفتار کرکے لائی اور وہ زیر تفتیش ہے۔
مریم نواز نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پی ٹی آئی نے اس واقعے کو انتشار کے لیے استعمال کیا، ایک ایسے واقعے کو ایشو بنایا گیا جو سرے سے ہوا ہی نہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو گمراہ کرکے ایک مہم چلانے کی کوشش کی گئی، بار بار احتجاج میں ناکامی کے بعد تحریک انصاف نے خطرناک منصوبہ بنایا، بچی کی والدہ نے کہا سازشی کردار کو بے نقاب کرنا آپ کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ان لوگوں نے پاکستان کا جو چہرہ دنیا کو دکھانے کی کوشش کی تو یہ پاکستان صرف ہمارا نہیں آپ کا بھی ہے، متعلقہ حکام سے کہا ہے اس معاملے میں جو بھی ملوث ہے چاہے اس کا تعلق میڈیا سے، پی ٹی آئی سے یا چوہدری پرویز الہی کی جماعت سے ہو ان کے خلاف فوری کریک ڈان کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا میں نے وزیر تعلیم سے کہا انہیں کالج کی رجسٹریشن معطل نہیں کرنی چاہیے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، اس واقعے میں جو بھی ملوث ہے انہیں نہیں چھوڑا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  وفاق نے اپنا اختیار استعمال کیا، صوبہ میں فوجی آپریشنز سے امن نہیں آیا، گنڈاپور