پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم

آئینی ترامیم پرپارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ختم، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کی عدم شرکت

ویب ڈیسک: مجوزہ آئینی ترامیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا اجلاس میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ارکان نے شرکت نہیں کی۔
چیئرمین خصوصی کمیٹی خورشید شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں شیری رحمن، اعجاز الحق، فاروق ستار، خالد مگسی شرکت کے لیے پہنچے جبکہ جمعیت علمائے اسلام اور تحریک انصاف کے ارکان شریک نہیں ہوئے۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں 39میں سے 12اراکین شریک ہوئے، قومی اسمبلی کے 22میں سے 8،سینیٹ کے 4اراکین نے شرکت کی۔
راستوں کی بندش کے سبب اراکین کی اکثریت کمیٹی اجلاس نہ پہنچ سکی۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ ان شا اللہ ترامیم ہو جائیں گی جب نمبرز پورے ہوں تو قانون سازی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہ کہ سنا ہے پی ٹی آئی نے شرکت سے انکار کیا ہے دیکھتے ہیں آج کمیٹی کا کورم پورا ہوتا ہے یا نہیں۔
اراکین نے چیئرمین کمیٹی سے استفسار کیا کہ اسمبلی اجلاس بلالیا ہے کیا آئینی ترمیم پر مشاورت مکمل ہوگئی ہے؟ آئینی ترمیم پر مشاورت پہلے مکمل ہونی چاہیے۔
اجلاس میں ارکان کے درمیان ترامیم کے معاملات پر بات کی گئی بعدازاں اجلاس ختم ہوگیا تاہم اس میں کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس کل بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔ کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب کیا گیا ہے جو کہ ساڑھے 12 بجے ہوگا۔

مزید پڑھیں:  سونے کی قیمت 2 لاکھ77 ہزار 200 تک جا پہنچی