1 20

کوروناوائرس کیلئے خصوصی پیشگی انتظامات مکمل،انسداد پولیو مہم پیر سے شروع ہو گی

پشاور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر خزانہ اور قائم مقام وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں کوئی نیا تجربہ نہیں کرینگے جتنے ہسپتال اور طبی عملے پہلے سے کام کررہا ہے انکی صلاحیتوں اور خدمات کے استعداد میں اضافہ کرینگے بھرتی، تقرری اور تبادلوں کیلئے کسی قسم کی سفارش نہیں برداشت کی جائیگی بنوں اور کوہاٹ میں ہسپتالوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لئے ہیں یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز ہیلتھ سیکرٹریٹ میں سیکرٹری صحت اور ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے کوارڈی نیٹر عبدالباسط کے ہمراہ پولیو اور کورونا سے متعلق میڈیا کو بریفنگ میں بیان کیں تیمور جھگڑا نے بتایا کہ آئندہ پیر کے روز سے صوبے کے تمام اضلاع میں انسداد پولیو کی قومی مہم شروع ہوگی جس میں24 ہزار 9سو موبائل ٹیمیں حصہ لیں گی اور پانچ سال عمر تک کے 68 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ پولیو مہم میں 2 رضاکاروں کی شہادت ہوئی جن کے خاندانوں کو فی خاندان 44 لاکھ روپے کا پیکیج جاری کردیا گیا ہے جبکہ پولیو مہم کیلئے اس بار سکیورٹی بھی بڑھائی گئی ہے جس کے تحت ہر ٹیم کیساتھ پولیس اہلکار تعینات ہونگے اور حساس شہروں میں متعلقہ انتظامیہ اندیشہ نقص امن کے تحت کارروائی کریگی انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان ایسے دو ممالک رہ گئے ہیں جہاں پولیو وائرس موجود ہے پولیو ویکسین کے حوالے سے غلط مفروضوں کو توڑنا ہوگا کیونکہ پولیو ورکرز اور سکیورٹی اہلکار قومی ہیروز ہیں اسلئے پولیو کے حوالے سے اگر کسی نے کوتاہی کی ہے اس کو سزا ملنی چاہئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں مزید ہسپتال ضرور بنائیں گے لیکن پرانے ہسپتالوں کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے صحت انصاف کارڈ صوبے کے ہر فرد کو دیں گے میرے پاس کوئی سفارش لیکر نہ آئے محکمہ صحت میں غیرمتعلقہ وزرا کے نوٹیفیکیشن واپس لئے جاچکے ہیں بریفنگ میں سیکرٹری صحت نے کورونا وائرس سے متعلق انتظامات پر روشنی ڈالی اور بتایاکہ پاکستان میں کورونا وائرس کا کوئی نام ونشان نہیں ہے البتہ دیگر ممالک سے وائرس پھیلنے کے خدشہ پر صوبے کے پانچ انٹری پوائنٹس یعنی طور خم، کرم،جنوبی وزیرستان، پشاور ائر پورٹ اور شمالی وزیرستان میں لوگوں کی سکریننگ کررہے ہیں صوبے میں ابتک سات افراد سے نمونے لئے گئے ہیں اور24لگ بھگ لوگوں کو زیر نگرانی رکھا گیا ہے جن میں سے کسی میں بھی تاحال وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں:  صوبائی جامعات کی ریسرچ ورک میں ناقص کارکردگی، رپورٹ جاری