پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات، سماعت 14 دسمبر تک ملوتی

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواستوں پر سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن ہماری نظر میں درست نہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے درخواست پر سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان کمیشن کے سامنے پیش ہوئے جبکہ اکبرایس بابر سمیت دیگر درخواست گزار بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
درخواست گزار اکبر ایس بابر نے کہا کہ پچھلی سماعت پر میرے وکیل نے دلائل دئیے تھے، عدالت سے استدعا ہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کے حوالے سے جو کاغذات دئیے وہ ہمیں دئیے جائیں، جب ہمیں پی ٹی آئی کا جواب مل جائے گا تو ہم اچھے دلائل دے سکتے ہیں۔
ممبر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ہم نے تو کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، جس پر گوہر علی خان نے کہا کہ کمیشن اس معاملے میں حتمی فیصلہ کر چکا، پہلے آپ درخواست گزاروں کا موقف سن لیں پھر ہم دلائل دیں گے، آپ اس معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکتے۔ چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی نے کہا کہ جس طریقے سے ہم نے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے ویسے کسی نے نہیں کرائے، ہماری واحد پارٹی ہے جس کے پاس ووٹرز کا بہترین ڈیٹا موجود ہے۔ بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ ہم پہلے تو بلے سے محروم نہیں ہوں گے اور پی ٹی آئی کبھی الیکشن سے پیچھے نہیں ہٹے گی،
ڈی جی لاء نے کہا کہ الیکشن ایکٹ کہتا ہے سات روز میں انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرائی جائیں، الیکشن کمیشن مطمئن ہوگا تو سرٹیفکیٹ جاری کرے گا، اگر الیکشن کمیشن مطمئن ہی نہیں تو سرٹیفکیٹ کیسے جاری کرے۔
بعدازاں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواستوں پر سماعت 14 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  پشاور پولیس لائنز بم دھماکے میں ملوث پولیس ہیڈ کانسٹیبل گرفتار