’فارم ب‘ کے اجراء کی پالیسی میں تبدیلی کی افواہیں مسترد

ویب ڈیسک: بچوں کے ’فارم ب‘ کے حصول کیلئے سرگرداں والدین کیلئے بڑی خوشخبری، نادرا کی جانب سے ’فارم ب‘ کے اجراء کی پالیسی میں تبدیلی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔
آفیشل ایکس ہینڈل پر کی جانے والی وضاحتی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ نادرا کی جانب سے ’فارم ب‘ کے اجراء کی پالیسی میں کوئی تبدیلی کی گئی ہے نہ ہی کسی قسم کی کوئی تبدیلی زیرغور ہے۔ اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ نادرا کی جانب سے فارم ب کے حصول کیلئے کوئی ڈیڈ لائن بھی مقرر نہیں کی گئی ہے۔
نادرا کی ٹویٹ میں مزید وضاحت کی گئی ہے کہ بعض حلقوں کی جانب سے انٹرنیٹ پر وائرل حقائق کے منافی بیانات شہریوں کو گمراہ کرنے کا باعث بن رہے ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ یاد رہے کہ نادرا کی جانب سے 18 سال کی عمر تک کے بچوں کی رجسٹریشن کیلئے فارم ب ایشو کیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت کے خوف نے ثابت کر دکھایا کہ جلسہ تاریخی ہے، بیرسٹر سیف