جعلی نوٹ

ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک جعلی نوٹ پہچاننے میں ناکام

ویب ڈیسک :ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران رکن کمیٹی کی جانب سے پیش کئے جانے والے 5ہزار روپے کے جعلی نوٹ نہ پہچاننے میں ناکام رہے ۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت ہوا جس میں جعلی نوٹوں کی گونج رہی اس دوران سینیٹرکامل علی آغا نے جعلی نوٹ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کو دکھایا تو وہ بھی نہ پہچان سکے اور کہا جعلی نوٹ کی کوالٹی اچھی ہے۔
سلیم مانڈوی والا نے جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے اسٹیٹ بینک سےکارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نوٹوں کا معاملہ کئی سال سے چل رہا ہے اور مرکزی بینک کے پاس کوئی حل نہیں، جعلی نوٹ بینکوں سے ہی آرہے ہیں۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ جعلی کرنسی پاکستان نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، ڈالرکی جعلی کرنسی بھی چھپ رہی ہے، ایسا کوئی نظام موجود نہیں ہے جس سے جعلی کرنسی کو چھاپنے سے روکا جاسکے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے جعلی نوٹوں کے مسئلے پر قابو پانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرنسی نوٹوں کے معاملے پر ریگولیشنز مزید بہتر کی جائیں گی، اس حوالے سے کمیٹی کو جلد بریفنگ دی جائےگی۔

مزید پڑھیں:  برہان انٹرچینج بند، سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں