وزیراعظم

وزیراعظم 4جون کو 110رکنی وفد کے ہمراہ چین جائیں گے

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف چینی صدر اور چینی وزیراعظم کی دعوت پر 4جون سے 110رکنی تجارتی وفد کے ہمرہ چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے ۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف کا دورہ چین تین مراحل پر مشتمل ہوگا ،وزیراعظم شہباز شریف بیجنگ میں صدر شی جنگ پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیراعظم لی کیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔
شہباز شریف بیجنگ کے علاوہ ژیان اور شینزین کے شہروں کا دورہ کریں گے ، وزیراعظم نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین مسٹر ژا لیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم کے دورے کا ایک اہم پہلو تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں ہوں گی۔
شہباز شریف چین میں اقتصادی اور زرعی زونزکا بھی دورہ کریں گے اور شینزن میں دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایا کاروں کے ساتھ چائنا پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے۔
مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے انتظامات مکمل کرلیے گئے، وزیر اعظم ہاس نے پی آئی اے سے جہاز مانگ لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم آفس نے پی آئی اے انتظامیہ کو دورہ چین کیلئے جہاز تیار کرنے کا حکم دیا ہے، پی آئی اے انتظامیہ نے وزیر اعظم آفس کو ایئر بس اے 320 کی دستیابی سے آگاہ کردیا۔

مزید پڑھیں:  لاہور: سلمان راجہ سمیت پی ٹی آئی کے متعدد وکلاء اور کارکنان گرفتار