نیب ترامیم کیس لائیو دکھانے کی درخواست مسترد، سپریم کورٹ کا حکم نامہ جاری

ویب ڈیسک: نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کیخلاف کیس لائیو دکھانے کی خیبرپختونخوا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکم نامہ جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ نے کیس کی کارروائی براہ راست نشر نہ کرنے کے معاملے پر تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کے حکمنامہ کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل نے کارروائی براہ راست نشر کرنے کی درخواست کی تھی۔
سپریم کورٹ کے حکم نامہ میں بتایا گیا ہے کہ عوامی مفاد کا مقدمہ نہ ہونے کے باعث نیب ترامیم کیس لائیو دکھانے کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔
سپریم کورٹ نے جاری حکم نامہ میں کہا ہے کہ اچانک انٹرا کورٹ اپیلوں میں خیبرپختونخوا حکومت کی نیب ترامیم کیس لائیو دکھانے کی درخواست سمجھ سے بالاتر ہے۔
ذرائع کے مطابق پانچ رکنی لارجر بینچ میں جسٹس اطہر من اللہ نے اس فیصلے سے اختلاف کیا۔
سپریم کورٹ کے تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ایسے مقدمات لائیو نہیں دکھائے جا سکتے جن میں سیاسی یا ذاتی مقاصد وابستہ ہوں۔

مزید پڑھیں:  پنجاب حکومت نے بھی امن و امان کے لئے فوج طلب کرلی