ناقص صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 6 ہوٹلز سیل

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا صوبائِی دارالحکومت پشاور میں بڑے اور مشہور ہوٹلز پر اچانک چھاپے، دوران آپریشن ناقص صفائی اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر 6 ہوٹلز سیل کر دیئے گئے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید اور ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں پشاور میں 18 مشہور و برانڈڈ ہوٹلز کی چیکنگ کی گئی۔
اس دوران ناقص صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور زائد المیعاد گوشت برآمد ہونے پر 6 ہوٹلز سیل کر دیئے گئے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے جرمانے بھی عائد کر دیئے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ مختلف ہوٹلوں سے اشیاء خوردونوش کے نمونے مزید جانچ کے لئے فوڈ سیفٹی لیبارٹری ارسال کیے گئے۔
یاد رہے کہ بڑے ہوٹلوں کیخلاف کاروائیاں شہریوں کی شکایات پر کی گئیں۔
ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید کا کہنا تھا کہ کریک ڈاؤن اور چھاپوں کا مقصد حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اور معیاری و محفوظ خوراک کو یقینی بنانا ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی ،عطاء تارڑ