عطا اللہ تارڑ

سیاسی اور بیرونی دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے،عطا اللہ تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت کو 100دن نہیں ہوئے لیکن سالوں کا کام مہینوں میں ہورہا ہے، پاکستان کی ترقی ملک دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی، سیاسی اور بیرونی دشمنوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ تمام معاشی اعشاریے مثبت ہیں، دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان میں امن قائم نہ ہو ، دہشتگردی کی اس جنگ میں افواج، عسکری ادارے اور پولیس جانوں کے نذرانے پیش کررہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی کو ترجیح دی جارہی ہے اور ہمیشہ دی جائے گی ، وزیراعظم نے کہا کہ بشام واقعے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ میرے بچوں سے بڑھ کر چینی ورکرز کی حفاظت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم کے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی کامیاب ریا، وزیراعظم کی چینی صدر کے ساتھ سواتین گھنٹے ملاقات رہی،۔
چینی صدر نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی ہے، کراچی سرکلر ریلوے پر اعلی سطحی بات چیت ہوئی ، پورے دورہ چین کیدوران کوئی بھی فائر وال سننے میں نہیں آئی، دورے کے دوران دیوار چین ضرور دیکھی ہے لیکن کوئی اور وال نہیں سننے کو ملی۔
عطاتارڑ نے کہا کہ ابھی حکومت کو 100دن نہیں ہوئے لیکن سالوں کا کام مہینوں میں ہورہا ہے، اللہ پاکستان کی خیر کرے یہ ایک تاریخی موڑ ہے، آپ دیکھیں گے ہم ترقی کی نئی منازل طے کریں گے ، ایک نام نہاد لیڈر نے پاکستان کو ہرجگہ رسوا کیا ، سیاست اور اقتدار سمیت ساری چیزیں بعد میں پاکستان پہلے ہے۔
وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ این ای سی کی میٹنگ میں چاروں وزرائے اعلی شامل ہیں، وزیر خزانہ اور وزیر منصوبہ بندی ایک پریس کانفرنس کریں گے، بجٹ کے حوالے سے جو چیزیں طے پائی ہیں اس کے بارے میں کچھ بتادیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ چائنہ سے2لاکھ افراد کی آئی ٹی ٹریننگ کا معاہدہ چھوٹی بات نہیں یہ کروڑوں روپے میں جاتا ہے، میں چائنہ جاکر ان کی معاہدوں پر گرمجوشی خود دیکھ کر آیا ہوں، چائنہ سے بی ٹو بی اور جی ٹو جی معاہدے ہوئے ہیں، سمارٹ سٹی ،سی پیک کی اپ گریڈیشن کا بھی معاہدہ ہوا ہے، سیاسی استحکام معاشی استحکام کیلئے لازم و ملزوم ہے۔

مزید پڑھیں:  امریکہ میں سمندری طوفان کی تباہ کاریاں، ہلاکتیں 223تک پہنچ گئیں