ایم کیو ایم

وفاقی بجٹ :ایم کیو ایم نے مطالبات وزیراعظم کو پیش کردیئے

ویب ڈیسک: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ میں کے حوالے سے اپنے مطالبات وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے پیش کردیئے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے وزیراعظم سے بجٹ میں کراچی کیلئے پانچ سالہ سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبہ (سوشیو اکنامک ڈیولپمنٹ پلان)دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے پاس صوبائی حکومت نہیں ہے اس لیے وفاق ہمارے ایم این ایز کو فنڈز جاری کرے ۔
اس حوالے سے کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص کے لیے وفاق سے38 ارب روپے کے فنڈز مانگ لیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی کے لیے پانی کے منصوبے کے فور اور سیوریج کے منصوبے ایس تھری کو اسی سال مکمل کرنے اور کامیاب جوان یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو بلاسود قرضے دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے ایم کیو ایم نے وفاقی حکومت سے بجٹ میں گرین لائن پروجیکٹ کی توسیع، بلیو لائن اورکراچی سرکلر ریلوے پروجیکٹ کے لیے بھی فنڈز رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
کراچی پورٹ سے پپری تک فریٹ کوریڈور سمیت بن قاسم پر ٹیکسٹائل سٹی پروجیکٹ کی تکمیل کے لیے بھی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ بھی کیاگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  صحافتی ذمہ داری نبھاتے ہوئے مشرق ٹی وی کے اللہ نور وزیر پر پولیس کاتشدد