خیبر، صحافی خلیل جبران کے قتل اور بدامنی کیخلاف تمام اقوام کا احتجاجی دھرنا

ویب ڈیسک: ضلع خِیبر تکیہ کے مقام پر بدامنی اور صحافی خلیل جبران کے قتل کے خلاف تمام اقوام نے احتجاجی دھرنا دیا۔
دھرنے میں تمام اقوام کے قومی مشران، خیبر سیاسی اتحاد کے رہنماؤں، صحافیوں اور مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق دھرنا شرکاء نے تکیہ کے مقام پر پاک افغان شاہراہ ہر قسم آمدورفت کے لئے بند کردی۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ لنڈی کوتل میں سازش کے تحت امن خراب کیا جا رہا ہے۔ علاقے میں آئے روز نامعلوم افراد کی ٹارگٹ کلنگ پر حکومت کی خاموشی قابل مذمت ہے۔
دھرنا شرکاء کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ صحافی خلیل جبران کے قتل میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بدامنی کے باعث علاقہ مکین علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ہم امن چاہتے ہیں جینا چاہتے ہیں حکومت ہمیں تحفظ دے۔
تمام اقوام کے مشران و شرکاء نے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں:  کرم فائر بندی جرگہ کی کوششوں سے ہوگئی،خیبرتنازعہ حل ہونےکی امیدہے