سپیکر پنجاب اسمبلی

جنرل باجوہ کی نواز شریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی،سپیکر پنجاب اسمبلی

ویب ڈیسک:سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے محمد زبیر کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل باجوہ کی نواز شریف سے ملاقات تو دور کبھی فون پر بات تک نہیں ہوئی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ محمد زبیر یہ تو بتائیں ملاقات کب اور کہاں ہوئی، فریقین کو محمد زبیر کے الزامات پر قانونی چارہ جوئی کا حق ہے،پی ٹی آئی والوں کا مطالبہ ہے کہ محمد زبیر کے بیانات پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہیے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ عزم استحکام آپریشن پر سیاست کی جا رہی ہے، اسمبلیاں مسائل کا حل ہونا چاہئیں، جب بھی ملک کو خطرات درپیش آئے قوم متحد ہوئی، ماضی میں نیشنل ایکشن پلان منظور کیا گیا جس کے مثبت نتائج نکلے۔
انہوں نے بتایا کہ آج اپوزیشن کا جو رویہ ہے اس کا فیصلہ تاریخ کرے گی، عزم استحکام آپریشن کامیاب ہوا تو یہ قوم کی بقا کا معاملہ ہے، اسمبلی مسائل کے حل اور قانون سازی کا فورم ہے، ملٹری کورٹس کا حامی نہیں شدید تحفظات ہیں۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے روایتی طریقوں سے ہٹ کر نبردآزما ہونا پڑتا ہے، سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، دھرنوں کی سیاست کا شدید مخالف ہوں۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ میں پولیس گاڑی پربم دھماکہ، تین اہلکار زخمی