2028ء تک 800 میگاواٹ بجلی

2028ء تک 800 میگاواٹ بجلی خود بنالیں گے، علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: 2028ء تک 800 میگاواٹ بجلی خود بنالیں گے، آدھی قیمت پر بجلی دینے سے جہاں صوبہ میں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے وہاں صوبہ اپنے پاوں پر بھی کھڑا ہو سکے گا۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے سٹیٹ بینک سے ایک روپے قرض نہیں لیا۔ اس کے برعکس تاریخ میں پہلی دفعہ کسی بھی حکومت نے 100 ارب روپے کا سرپلس بجٹ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آدھی قیمت پر بجلی دینے سے روزگار کے مواقع پیدا ہونگے ساتھ میں صوبہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہو جائے گا جس کی ہمیں خواہش ہے۔ اس کے علاوہ 2028ء تک 800 میگاواٹ بجلی خود بنالیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے عوامی چیزوں پر ٹیکسز کم کیے، غریب کو ریلیف دینا ہماری پالیسی کا حصہ ہے ۔ اس کے برعکس مافیا پر ٹیکس بڑھانا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ایک لاکھ نوجوانوں کو روزگار دے رہے ہیں، ساتھ مِں بلاسود قرضے بھی دے رہے ہیں۔ ہم نے صوبے کو فلاحی صوبہ بنانا ہے۔
سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تحفظات بالکل درست ہیں، لوگوں کو ملاقات نہیں کرنے دی جاتی جو نام وہ ملاقات کے لیے دیتے ہیں وہ نکالے جاتے ہیں۔
ان کو مانیٹر کیا جا رہا ہے، یہ ان کے بنیادی حقوق ہیں، جب یہ حقوق لیتے جا رہے ہوں تو آئین کے مطابق آواز اٹھانے کا حق بنتا ہے، اگر بانی پی ٹی آئی نے بھوک ہڑتال کی تو یہ بھوک ہڑتال پورے پاکستان کی ہو گی۔

مزید پڑھیں:  چاہے دو دن لگ جائیں ہر صورت ڈی چوک احتجاج کرنا ہے، عمران خان کی ہدایت