بلاول کراچی کےامن وامان

بلاول کراچی کےامن وامان اور بوسیدہ انفراسٹرکچر پر توجہ دیں، مزمل اسلم

ویب ڈیسک: مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کراچی کےامن وامان اور بوسیدہ انفراسٹرکچر پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے غیر سنجیدہ بیانات کی وجہ سے پیپلز پارٹی اندرون سندھ تک محدود ہوگئی ہے، بلاول کے 300 یونٹس فری بجلی، کسان اور مزدور کارڈ کہاں گئے، الیکشن سے پہلے عوام سے کئے گئے وعدے تو پورے کر لیں۔
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پشاور میں پریس کانفرنس سے پہلے چیئرمین پی پی خیبرپختونخوا میں اپنا مینڈیٹ چیک کرلیں جو مخصوص نشستوں کے برابر بھی نہیں ۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کی معاونت کے بیانات دینے سے پہلے خیبرپختونخوا کا بجٹ بھی چیک کرلیں اور ساتھ میں بلاول کراچی کےامن وامان اور بوسیدہ انفراسٹرکچر پر بھی توجہ دیں۔
مزمل اسلم نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ صحت کارڈ، گندم اور ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہوتا ہے ، اس کےساتھ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں کئے گئے آپریشن کے آبادکاری پر اب تک فنڈز خرچ ہو رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کچھے کے ڈاکووں سے پاک ہے، ہم نے تاریخی سرپلس بجٹ پیش کیا ہے، پیپلز پارٹی سندھ کا بھی بتائے ، سندھ میں تو گٹر کے ڈھکن بھی مالیاتی اداروں کے تعاون سے بنائے جا رہے ہیں۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ الزامات لگانے کی بجائے بلاول بھٹو کراچی کے امن و امان اور بوسیدہ انفراسٹرکچر پر توجہ دیں۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ نے 63اے سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دیدیا