بشریٰ بی بی کو ٹارگٹ

بشریٰ بی بی کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کر رہے ہیں،عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ میری اہلیہ بشریٰ بی بی کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کر رہے ہیں۔
عمران خان نے اڈیالہ جیل میں نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے دوران کہا کہ جج صاحب آپ اللہ کو جوابدہ ہیں، آئی ایس آئی کو نہیں، جج بشیر نے کہا تھا سر پر بندوق رکھ کر فیصلہ لیا ہے۔
سماعت کے آغاز پر بانی پی ٹی آئی روسٹم پر گئے اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ جج صاحب میری بیوی کا توشہ خانہ سے کچھ لینا دینا نہیں، ججز پر اللہ نے بہت ذمہ داری ڈالی ہے، بشریٰ بی بی کو صرف مجھے اذیت پہنچانے کے لیے جیل میں ڈال رکھا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میری بیوی کو بادشاہ سلامت ٹارگٹ کر رہے ہیں کیونکہ میں نے اس کو آئی ایس آئی کے عہدے سے ہٹایا اور میری بیوی نے اس کی سفارش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم کو رات 12 بجے بتایا جاتا ہے صبح نیا کیس لگے گا، نیب والے روبوٹ ہیں ان کو تنخواہ دے کر جو مرضی کام کروا لیں۔
پہلے جس ریفرنس میں سزا ہوئی وہ جیولری سیٹ ہمارے پاس ہے اور اس کی قیمت 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تھی لیکن انھوں نے سوا تین ارب کر دی۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ میں صرف اپنی بیوی کی بات کرتا ہوں، اس کو دوبارہ گرفتار کرکے بہت غلط کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرا کیس اس لیے بنایا ہے کیونکہ ان کو پتا چل گیا ہے پہلا سیٹ ہمارے پاس ہے، جنگل کے بادشاہ نے سب کچھ کرایا ہے۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے سماعت کے آغاز پر میڈیا کی غیر موجودگی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اگر میڈیا نہیں آتا تو میں عدالت سے واک آئوٹ کر جائوں گا۔
بانی پی ٹی آئی کے اعتراض پر عدالت نے میڈیا نمائندگان کو جیل کے اندر بلانے کا حکم دیا، میڈیا نمائندوں کے عدالت میں داخل ہوتے ہی سماعت کا آغاز ہوا۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں 8اسرائیلی فوجی ہلاک