عدلیہ ملک بچانے میں تاریخی کردار

امید ہے عدلیہ ملک بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی، شیخ رشید

ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عدلیہ کو سلام ہے، مخصوص نشستوں پر تاریخی فیصلہ کیا، امید ہے عدلیہ ملک بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ سے عام معافی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بطور وزیر 5 سال معافی دی، مجھ پر 686 مقدمات ہیں، اگر ایک ایک ہفتہ جرح ہو تو بھی 10 سال میں ختم نہیں ہونگے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنم جاوید کو وکیل کے چیمبر سے اٹھایا گیا ہے، پولیس نے اپنے ساتھ کچھ اور لوگوں کے وقار کا بھی ستیاناس کر دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حالات خراب اور معیشت تشویشناک ہوتی جا رہی ہے، حکومت بجلی مہنگی کئے جا رہی ہے۔ حالات اس نہج پر جا رہے ہیں جہاں اس کا سنبھلنا مشکل ہو جائیگا۔ پاکستان کینیا بننے جا رہا ہے۔
سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ پورے ملک میں لوگ حکومت پر لعنت بھیجتے ہیں، خدا کیلئے ملک بچائیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ملک کی معیشت ان سے نہیں سنبھل رہی، نواز شریف نیا بیانیہ لائیں گے اور عوام مزید ذلیل ہونے کیلئے رہ جائے گی۔ آج ملک کی یہ حالت ہے کہ 77 لاکھ لوگوں نے ملک چھوڑنے کیلئے پاسپورٹ جمع کرا دیئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ سابق وزیراعظم عمران خان کو کیسے چھوڑیں گے؟ روز کہتے ہیں وہ آ رہا ہے لیکن وہ نہیں آرہا، نواز اور شہباز کا بھی اب فیصلہ ہوگا، ایک مشرق دوسرا مغرب کو بھاگے گا، انہوں نے تو اپنے کیسز ختم کرائے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں پر تاریخی فیصلہ دینے پر عدلیہ کو سلام ہے، امید ہے عدلیہ ملک بچانے میں تاریخی کردار ادا کرے گی۔

مزید پڑھیں:  خیبر میں پولیس کارروائی کی ذمہ داری وفاق پر ڈالنا شرمناک ہے،ایمل ولی