9 مئی کی انکوائری

9 مئی واقعات کی آزادانہ انکوائری ہونی چاہئے، عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 28سال میں کسی کو پرتشدد احتجاج کا نہیں کہا، 9مئی واقعات کی آزادانہ انکوائری ہونی چاہئے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 9مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔
مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے درخواست پر سماعت کی، جبکہ تفتیشی افسران اور پراسیکیوشن عدالت میں موجود رہے۔
جج اے ٹی سی نے عمران خان کو کیسز اور وکلا کے بارے میں بتایا، اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ جج صاحب آپ سے کچھ بات کرنا چاہتا ہوں، جس پر جج نے بانی پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بات کریں۔
عمران خان نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ 28 سال میں کسی کو پرتشدد احتجاج کا نہیں کہا، 9مئی واقعات کی آزادانہ انکوائری کسی نے نہیں کروائی۔
بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کاکہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی کہ نو مئی واقعات پر آزادانہ انکوائری ہونی چاہئے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ گوجرانوالہ میں مجھ پر جو حملہ ہوا، میں چاہتا تھا کہ جنرل فیصل نصیر پر ایف آئی آر ہو مگر پرچہ نہیں ہوا، کیپیٹل ہل کے حملے میں ویڈیوز کے ذریعے حملہ آوروں کو پکڑا گیا۔
واضح رہے کہ پولیس کی تفتیشی ٹیم نے جناح ہائوس حملے سمیت 9 مئی کے بارہ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی تھی۔
نو مئی کے تین مقدمات میں لاہور پولیس نے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کل سولہ مقدمات درج ہیں، جس میں چار میں وہ ضمانت پر ہیں۔

مزید پڑھیں:  سلامتی کونسل اجلاس میں اسرائیلی مندوب کی ایران کو دھمکی