بلوچستان کے مسائل

بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل نکالنا ہوگا، شبلی فراز

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کا سیاسی حل نکالنا ہو گا،صرف طاقت پر انحصار کریں گے تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔
سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسئلے پر اصل اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لیکر چلنا ہو گا،جنگوں کے آخر میں بھی مذاکرات کی ٹیبل پر ہی آنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی مذمت کی، وزیر نے پریشان کن بات کی، جو بندوق اٹھاتے ہیں اس کا تو فیصلہ کر لیں گے، یہ طے کرنا کہ کون پاکستانی ہے اور کون نہیں، یہ مسئلہ اتنا سادہ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بدل چکا ہے، اب وہ بہت آگاہ ہیں، ہمیں چاہیے کہ بلوچستان کے اصل شراکت داروں کو آن بورڈ لائیں اور انہیں ساتھ بٹھا کر مسئلے کا حل تلاش کریں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ اگر دہشتگرد افغانستان میں ہیں تو ہمیں افغانستان سے بات کرنی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کا سفارتی بلیک آئوٹ ہمارے مفاد میں نہیں ہے، موجودہ اور سابق وزیر خارجہ نے افغانستان کا ایک دورہ تک نہیں کیا۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں قافلے راولپنڈی احتجاج کیلئے روانہ